اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی غرض سے ترکی کے شہر استنبول روانگی سے قبل تہران ایئر پورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران نہ صرف دہشت گردی کا ٹھوس بنیادوں پر مقابلہ کر رہا ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوسرے ملکوں کی مدد بھی کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جس قوم یا حکومت نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد اور تعاون مانگا ہے ایران نے اس کے ساتھ عملی تعاون کیا ہے۔
ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ تشدد اور انتہا پسندی سے پاک دنیا کا قیام ، اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین سلوگن ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کا تیرہواں سرابراہی اجلاس چودہ اور پندرہ اپریل کو ترکی کے شہر استنبول میں ہوگا۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سدباب کی راہوں کا جائزہ لینا بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پیر اور منگل کو اسلامی سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کی تیار ی کے لیے ہونے والے وزارتی کونسل کے اجلاس میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلی عہدیدار شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲